واشنگٹن: اسرائیل کی حمایت پر امریکی صدر جو بائیڈن کو بڑے نقصان کا سامنا ہے، ان کی مقبولیت نئی کم ترین سطح پر آ گئی ہے۔
غزہ میں اسرائیلی کارروائی کی حمایت کا یہ نتیجہ نکلا ہے کہ صدر بائیڈن کی مقبولیت نئی کم ترین سطح پر آ گئی، امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جو بائیڈن کی شرح مقبولیت میں 40 فی صد کمی ہوئی ہے۔
غزہ میں اسرائیلی بربریت اور جارحیت کے دفاع اور حمایت نے امریکی صدر جو بائیڈن کو مشکل میں ڈال دیا ہے، 70 فی صد امریکی جو بائیڈن کے جنگ سے نمٹنے کے طریقہ کار سے متفق نہیں ہیں۔
ڈیموکریٹک پارٹی کے ووٹرز کے درمیان بائیڈن کی شرح مقبولیت میں چالیس فی صد نمایاں کمی ہوئی ہے، مقبولیت میں یہ کمی ان کی عہدِ صدارت کی کم ترین سطح پر ہے، سروے میں شامل امریکیوں کی اکثریت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملے حد سے تجاوز کر گئے ہیں۔
این بی سی نیوز کے مطابق بائیڈن سے دوری ڈیموکریٹس کے درمیان سب سے زیادہ واضح ہے، جن میں سے اکثریت کا خیال ہے کہ اسرائیل غزہ میں اپنی فوجی کارروائی میں بہت آگے نکل گیا ہے، 18 سے 34 سال کی عمر کے ووٹروں میں 70 فی صد نے حماس اسرائیل جنگ سے نمٹنے کا بائیڈن کا طریقہ کار ناپسند کیا۔