اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ میں انقلابی تبدیلیوں کا امکان ہے، ذاکر خان پی ایس ایل چیئرمین بننے کے لیے مضبوط امیدوار بن گئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ کے طور پر فرائض ادا کرنے والے آفیشل ذاکر خان پاکستان سپر لیگ کے چیئرمین کے عہدے کے لیے مضبوط امیدوار بن گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین کی تعیناتی کے بعد توقع ہے کہ ذاکر خان کی تعیناتی کے سلسلے میں بھی اعلان کر دیا جائے گا۔
دوسری جانب پاکستان سپر لیگ فرنچائز نے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان کے متوقع طور پر چیئرمین بننے پر اظہارِ اطمینان کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ عمران خان کے وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالے جانے کے بعد سے پاکستان کرکٹ بورڈ میں بڑی تبدیلیوں کے اشارے مل رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی سابق کرکٹرزسے ملاقات، کرکٹ کا ڈھانچہ بدلنے کا عندیہ
وزیرِ اعظم عمران خان نے سابق کھلاڑیوں سے ملاقات کے دوران ملک میں کرکٹ کا ڈھانچا تبدیل کرنے کا عندیہ دیا تھا، اور کرکٹ کی بہتری کے لیے انقلابی تبدیلیوں کا اعلان کیا گیا۔
خیال رہے کہ نجم سیٹھی کے پی سی بی سے مستعفی ہونے کے چند گھنٹے بعد ہی حکومت کی جانب سے احسان مانی کو پی سی بی کا نیا چیئرمین نامزد کردیا گیا تھا۔