اسلام آباد : تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر زرداری ہاؤس اسلام آباد میں اپوزیشن کی بڑی بیٹھک آج ہو گی، جس میں نمبر گیم پر غور کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، سابق صدر آصف زرداری اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی بڑی بیٹھک آج زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ہوگی۔
جس میں تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے حتمی مشاورت ہوگی اور عدم اعتماد کے حوالے سے نمبر گیم پر غور ہو گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری نےشہباز شریف، فضل الرحمان کو ملاقات کی دعوت دی ہے، آصف زرداری اپوزیشن قائدین کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی آج شام ہوگا، جس میں سیاسی صورتحال پر غور اور آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔
یاد رہے شہباز شریف نے تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے اپنے اراکین پارلیمنٹ کو اہم ہدایات جاری کیں تھیں ، جس میں تمام اراکین پارلیمنٹ کو بیرون ملک سفر سے روک دیا تھا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا تحریک عدم اعتماد پیش ہونے والی ہے اس لیے تمام اراکین پارلیمنٹ ملک میں موجود رہیں۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے الزام عائد کیا تھا کہ اراکین کے نام ڈال کر انہیں باہر بھجوانے کی سازش کی جارہی ہے، اس لیے تمام اراکین ملک میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں۔