پنجاب کے ریئل اسٹیٹ شعبے کے لیے بڑی خبر ہے کہ صوبے کی حد تک پراپرٹی کے لین دین پر سیون ای کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب کے ریئل اسٹیٹ شعبے کے لیے بڑی خبر ہے کہ صوبے کی حد تک پراپرٹی کے لین دین پر سیون ای کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔ ایف بی آر نے لاہور ہائیکورٹ کے احکامات پر سیون ای کی شرط ختم کی ہے۔
اس حوالے سے ایف بی آر کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق چھوٹ کا اطلاق تمام انکم ٹیکس جمع کرانے والوں پر ہوگا۔ اس سے قبل جائیداد کی فروخت پر سیون ای کے تحت ایک فیصد اضافی ٹیکس عائد کیا گیا تھا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پاک فوج کے شہدا کے لواحقین، سروس کے دوران مسلح افواج، سرکاری ملازمین کے لواحقین پر بھی اس کا اطلاق نہیں ہوگا جب کہ دوران سروس، جنگ میں زخمی سیکیورٹی اہلکار، ملازمین کے لواحقین پر بھی ٹیکس نافذ نہیں ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ایکس سروس مین اور ریٹائرڈ وفاقی و صوبائی ملازمین پر بھی سیون ای کا اطلاق نہیں ہوگا۔
پراپرٹی کی خرید و فروخت کرنے والے کا ٹرانسفر اتھارٹی ریکارڈ رکھے گی اور ٹرانسفر اتھارٹی یہ تمام ریکارڈ کمشنر ایف بی آر کو ہر ہفتے فراہم کرے گی۔
اس حوالے سے ریئل اسٹیٹ تجزیہ کار احسن ملک نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر نے پراپرٹی کی خرید و فروخت کے لیے فرضی آمدن کی شق واپس لے لی ہے جس سے پنجاب میں پراپرٹی لین دین کا کاروبار بڑھے گا تاہم پراپرٹی کی فروخت پر عائد ٹیکس سیون ای باقی صوبوں پر عائد رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ فائلرز کو استثنیٰ کے باعث کمشنر سے سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی شرط بھی ختم کر دی گئی ہے جب کہ سیون ای کا اطلاق اوور سیز پاکستانیوں پر نہیں ہوگا تاہم انہیں دیگر ٹیکسز کی ادائیگی کا ثبوت نائیکوپ کی فوٹو کاپنی کے ساتھ پیش کرنا ہوگا۔