لاہور: تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے حکومت سے مذاکرات میں ناکامی کے بعد پنجاب کے مختلف علاقوں میں مذہبی جماعت کا احتجاجی دھرنا جاری ہے جس کے باعث اہم شاہراہوں پر ٹریفک جام ہوگیا اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک لبیک کے احتجاجی مظاہروں کے باعث شہر میں ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوچکا ہے، مظاہرے کے باعث جی ٹی اور مری روڈ پر ٹریفک معطل ہے جبکہ ٹی چوک بلاک، فتح جنگ، اسلام آباد موٹروے پر بھی شدید ٹریفک جام ہے۔
تحریک لبیک کے کارکنان کی جانب سے کیے جانے والے مظاہروں کے باعث بندروڈ، کلمہ چوک، ٹھوکر نیاز بیگ سمیت دیگر اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بند کر دی گئی جبکہ راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں بھی مذہبی جماعت کا دھرنا جاری ہے جس کے باعث جی ٹی روڈ لاہور تا پشاور کا ٹریفک بھی متاثر ہوا۔
فیض آباد دھرنا کیس، خادم رضوی و دیگر ملزمان اشتہاری قرار
دوسری جانب ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے رانا ثنااللہ کی نگرانی میں مذہبی جماعت سے مذاکرات ہو رہے ہیں اور مظاہرین کے مطالبات پر غور کیا جارہا ہے، امید ہے جلد معاملات طے ہوجائیں گے۔
ترجمان موٹروے کی جانب سے جی ٹی روڈ پر ٹریفک کی صورتحال اور راستوں سے متعلق تفصیلات فراہم کی گئیں جس کے مطابق پکامیل، چوہنگ، موہلنوال، پتوکی، ساہیوال، چیچہ وطنی کے راستےبند ہیں لیکن پتوکی سے چھانگا مانگا براستہ چونیاں سفر کیا جاسکتا ہے۔
حکومت 7 روز میں شریعت نافذ کرے، لبیک یارسول اللہ کا جیل بھرو تحریک کا اعلان
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاک پتن چوک سے نورشاہ روڈ، گیمبر سے ساہیوال سفر کیا جاسکتا ہے، اور چیچہ وطنی سے بورے والا کے راستے ملتان جاسکتے ہیں، جبکہ ایم 2کوٹ مومن سے لاہور تک ٹریفک کھلی ہے، لیکن ایم 2 شیخوپورہ سے لاہور تک ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔