کراچی : شہر قائد میں سال کی سب سے بڑی ڈکیتی کا واقعہ پیش آیا ہے، نامعلوم مسلح افراد نے پاک فوج کے ریٹائرڈ کرنل کے گھر کا صفایا کردیا،3کروڑ روپے مالیت سے زائد کے زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق صدر تھانے کی حدود میں تین کروڑ سے زائد کی ڈکیتی کی واردات ہوئی ہے، نئے سال کے پہلے مہینے میں سب سے بڑی ڈکیتی صدر تھانے میں رپورٹ ہوئی ہے۔
تین کروڑ روپے سے زائد کی ڈکیتی ریٹائرڈ کرنل کے گھر پیش آئی ہے، ڈکیتی کا مقدمہ صدر تھانے میں رمضان ملک کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ واردات میں ڈیڑھ کروڑ مالیت کا سونا چوری کیا گیا، ایک کروڑ فارن کرنسی اور17لاکھ نقدی کی ڈکیتی کی گئی۔
ایف آئی آر کے مطابق7سے 8 ڈکیتوں پر مشتمل گروہ دستانے پہن کر گھر میں داخل ہوا، ڈاکو ایک گھنٹے تک اہلخانہ کو یرغمال بنا کر واردات کرتے رہے۔
اس دوران اہل خانہ کو ایک کمرے میں بند رکھا گیا، اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ مسلح افراد ایک کار میں آئے تھے، تاہم واقعہ کی تحقیقات میں مزید پیشرفت نہیں ہوسکی ہے۔