موٹر سائیکل کو غریب کی سواری سمجھا جاتا ہے لیکن ڈالر کی قیمتوں اور معاشی تنزلی نے اس سواری کو بھی غریب سے دور کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق موٹر سائیکل مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر محمد عقیل شیخ نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں شرکت کی اور بائیک کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے بارے میں بتایا۔
محمد عقیل شیخ کا کہنا تھا کہ گزشتہ 6 سے 7 ماہ میں موٹر سائیکل کی قیمت 50 ہزار سے چھلانگ لگا کر 1 لاکھ سے بھی اوپر پہنچ چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کی بڑی وجہ ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھاؤ ہے۔
عقیل شیخ نے بتایا کہ بائیکس کی زیادہ تر مینو فیکچرنگ مقامی سطح پر ہو رہی ہے لیکن اس کا خام مال بیرون ملک سے امپورٹ کیا جاتا ہے اور اس پر لگنے والے ٹیکس اور ڈیوٹیز کی وجہ سے بھی بائیکوں کی قیمت میں بے تحاشہ اضافہ ہوگیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پیٹرول کی بڑھتی قیمت کی وجہ سے اچھے خاصے مالدار لوگ بھی گاڑیاں فروخت کر کے موٹر سائیکل پر آگئے ہیں لیکن غریب موٹر سائیکل خریدنے سے بھی قاصر ہوتا جارہا ہے۔