منگل, دسمبر 10, 2024
اشتہار

معروف گلوکار بلال سعید کا بھائی اور بھابھی پر تشدد، خاتون کی والدہ کا مؤقف سامنے آ گیا

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: چند دن قبل لاہور میں اپنے گھر کے باہر معروف پاکستانی سنگر بلال سعید نے اپنے بھائی رضا سعید اور بھابھی کو ڈولفن اہل کاروں کی موجودگی میں تشدد کا نشانہ بنایا تھا، اس سلسلے میں متاثرہ خاتون کی والدہ کا بیان سامنے آ گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں برطانوی نژاد پاکستانی فیملی کی متاثرہ خاتون کی والدہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلال سعید نے ہمیں لوٹنے کی بہت کوشش کی، پہلے بھی ساڑھے 8 کروڑ کی چوری میں ملوث تھا، جس میں اس کی لاہور ہائی کورٹ سے ضمانت بھی منسوخ ہو چکی ہے۔

واضح رہے کہ ان دونوں پاکستان کے معروف گلوکار بلال سعید کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا صارفین کے درمیان موضوع بحث بنی ہوئی ہے، ویڈیو میں لاہور میں اپنی رہائش گاہ کے باہر بلال سعید کو ایک مرد اور ایک خاتون کے ساتھ ہاتھا پائی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جب کہ اس موقع پر ڈولفن اسکواڈ کے اہل کار بھی بیچ بچاؤ کی کوشش کرتے نظر آتے ہیں۔

- Advertisement -

اے آر وائی نیوز نے متاثرہ خاتون کا مؤقف لینے کی کوشش کی تو ان کی جگہ والدہ نے بات کی، والدہ نے بتایا کہ بلال سعید میرے بیٹے کا دوست تھا، اس کی ساری شہرت میرے بیٹے کی وجہ سے ہے، اس نے ہمیں لوٹنے کی کوشش کی، میٹھا بن کر ہمارے ساتھ بہت فراڈ کیے، میرے ساڑھے 8 کروڑ پہلے چوری ہوئے، اس میں یہ اور اس کا بھائی ملوث تھا، اور ہائی کورٹ سے ضمانتیں منسوخ ہو چکی ہیں۔

خاتون نے بتایا کہ انھوں نے ہم سے شادی کے لیے بات کی، پھر نکاح ہوا اور اب ان کی نظریں میری بیٹی کے پیسے پر ہے، وہ میری بیٹی سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ میرا کام نہیں چل رہا اس لیے میری مدد کرو، میری بیٹی نے انکار کر دیا ہے، دو دن قبل اس نے میری بیٹی کو گھر بلایا، اور پھر فون پر دھمکیاں دینے لگا، جب میری بیٹی پولیس اہل کاروں کے ساتھ اس کے گھر گئی تو بلال سعید نے اہل کاروں کی موجودگی میں اپنے بھائی کو مارا، میری بیٹی نے چھڑانے کی کوشش کی تو اس کو بھی دھکے مارے گئے۔

خاتون نے مزید بتایا کہ مار پیٹ کے اس واقعے پر انھوں نے ابھی بلال سعید کے خلاف ایف آئی آر کی درخواست نہیں دی ہے، اس طرح کے واقعات پہلے بھی ہوئے ہیں، جب میں قانونی کارروائی کے لیے کوشش کرتی ہوں تو یہ آ کر معافیاں مانگنے لگتا ہے اور کہتا ہے آنٹی مجھے معاف کر دیں، تین چار ماہ قبل بھی اس نے یہی کچھ کیا اور پھر گھر آ کر معافیاں مانگیں۔

خیال رہے کہ اس فیملی کا کہنا ہے کہ ان کے ساڑھے 8 کروڑ روپے چوری ہوئے تھے اور اس کا الزام بلال سعید پر ہے اور ایف آئی آر بھی کٹ چکی ہے، اس کیس میں بلال سعید کی ضمانت بھی لاہور ہائی کورٹ سے منسوخ ہو چکی ہے، خاتون کا کہنا ہے کہ بلال سعید ایک عرصے سے میری بیٹی کو ہراساں کر رہا ہے اور تشدد کا بھی نشانہ بنایا گیا۔

دریں اثنا، اے آر وائی نیوز نے سنگر بلال سعید سے متعدد بار رابطہ کیا لیکن انھوں نے اپنا مؤقف نہیں دیا۔ تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بلال سعید نے ایک ٹوئٹ کیا جس میں انھوں نے لکھا کہ وہ عورت کی عزت کرنا جانتے ہیں، لیکن وہ ایک عرصے سے بلیک میلنگ کا شکار ہوتے آ رہے ہیں، اور آج ان کی خاموشی ٹوٹی۔ انھوں نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں انھوں نے دکھایا کہ ان کی غیر موجودگی میں ان کے گھر میں توڑ پھوڑ کی گئی ہے۔

Comments

اہم ترین

مزید خبریں