لاہور: بلال یاسین پر فائرنگ کے واقعے میں پولیس تفتیش میں ایک نیا موڑ آ گیا ہے، سابق انکاؤنٹر اسپیشلسٹ عابد باکسر کا نام بھی درمیان میں آ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ن لیگی ایم پی اے بلال یاسین پر قاتلانہ حملے میں سامنے آنے والے دو ناموں میں سے ایک مرکزی ملزم ساجد گرما کی عابد باکسر کے ساتھ تصویر منظر عام پر آ گئی ہے۔
سابق پولیس انسپکٹر عابد باکسر انکاؤنٹر اسپیشلسٹ کے نام سے مشہور رہے ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ عابد باکسر کے ساتھ ملزم کی تصویر منظر عام پر آنے کے بعد تفتیش میں نیا موڑ آ گیا ہے۔
پولیس کی جانب سے عابد باکسر سے بھی پوچھ گچھ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پولیس حکام نے انکشاف کیا ہے کہ ساجد گرما ڈیوٹی فری شاپ میں غیر ملکی کرنسی ایکسچینج کرنے کا کام کرتا ہے، اور اس کے بلال یاسین کے ساتھ دوستانہ تعلقات تھے۔
بلال یاسین پر قاتلانہ حملہ، شوٹر کو اسلحہ فراہم کرنے والا مرکزی ملزم ٖگرفتار
واضح رہے کہ سی آئی اے پولیس نے بلال یاسین پر قاتلانہ حملے میں شوٹر کو اسلحہ فراہم کرنے والے مرکزی ملزم افضل کو آج گرفتار کیا تھا، دوران تفتیش افضل کے انکشاف پر 2 اہم کرداروں ساجد گرمااور محسن کے نام سامنے آئے تھے، افضل نے تحقیقات میں بتایا کہ شوٹرز کو وہ نہیں جانتا، تاہم اسلحہ ساجد گرما کے کہنے پر دیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات میں سامنے آنے والا محسن جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث ہے، جب کہ ساجد گرما کو تفتیش کے لیے فون کیا گیا تو وہ فرار ہو گیا، اس سلسلے میں پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔