کراچی: قائد اعظم ٹرافی کے دوسرے مرحلے کے میچ میں فاسٹ بولر بلاول بھٹی سر پر گیند لگنے سے زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق قائد اعظم ٹرافی میں سدرن پنجاب کی نمائندگی کرنے والے فاسٹ بولر بلاول بھٹی بلوچستان کے خلاف میچ کے دوران بولر خرم شہزاد کی گیند سر پر لگنے سے زخمی ہوگئے۔
بلاول بھٹی کو سر پر گیند لگنے کے باعث ڈاکٹر کے معائنے کے بعد انہیں میدان سے باہر لے جانے کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹی کچھ دیر بعد دوبارہ بیٹنگ کے لیے تو میدان میں اترے تو انہیں چکر آنے لگے جس پر انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولر کا سی ٹی اسکین کرایا جائے گا جس کے بعد ہی معاملہ مزید واضح ہوسکے گا۔
سدرن پنجاب کی ٹیم میں بلاول بھٹی کی جگہ فاسٹ بولر محمد عباس کو شامل کرلیا گیا ہے، بلوچستان کے خلاف میچ میں محمد عباس بلاول بھٹی کی جگہ سدرن پنجاب کی نمائندگی کریں گے۔
واضح رہے کہ بلاول بھٹی نے پاکستان کی نمائنددگی کرتے ہوئے 2 ٹیسٹ، 10 ون ڈے انٹرنیشنل اور 9 ٹی ٹوینٹی میچ کھیلے ہیں، انہوں نے تینوں فارمیٹ میں 17 وکٹیں حاصل کیں۔
فاسٹ بولر نے پاکستان کے لیے آخری میچ مئی 2015 میں زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوینٹی کھیلا تھا۔