کراچی : پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں دہشت گردوں کے حملے میں مشہور قوال امجد صابری کے قتل پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ واقعہ ریاستی اور حکومتی رٹ اور امن امان کے لیے کھلا چیلینج ہے.
نامور قوال کے دن دہاڑے قتل کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے بیٹے اویس شاہ کا اغواء اور امجد صابری کا قتل ایک گہری سازش کا حصہ ہیں کیونکہ دونوں واقعات میں دہشتگردوں اور ان کے سرپرستوں نے منظم انداز میں کارروائیاں کی ہیں.
بلاول بھٹو زرداری نے صابری خاندان سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت اس واقعے میں ملوث مجرمان کو نہیں چھوڑے گی.
انہوں نے امید ظاہر کی کہ پولیس اور دیگر سکیورٹی ایجنسیاں قاتلوں کو بے نقاب کرکے انہیں قانونی گرفت میں لائیں گی۔