چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ جنہوں نے خود کو ووٹ کی عزت کے نمائندے قرار دیے تھے ان کا بھی اصل چہرہ عوام کے سامنے آگیا ہے۔
پشاور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی آئی اور ملسم لیگ (ن) کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ووٹ کی عزت کرنا اور گورننس کرنا نہیں جانتے، یہ وہ ہیں جو مہنگائی لیگز بن چکے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ شخص جو مسلط کیا گیا اس نے نوجوانوں کو بتایا لیڈر کی نشانی یوٹرن لینا ہے، عوام کو سمجھائیں کہ یوٹرن لینا لیڈر کی نہیں بلکہ بزدل کی نشانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پیپلز پارٹی کا کوئی ایسا سیاسی مخالف نہیں جس کا نام لے سکوں، میرے مخالف یہ مہنگائی، بے روزگاری اور غربت ہے، ہمیں موقع ملے تو خدمت کریں اور عوام کو مہنگائی کے سونامی سے بچائیں۔
انہوں نے کہا کہ باقی سیاسی جماعتوں کا اصل چہرہ عوام کے سامنے آگیا ہے، جو خود کو تبدیلی کے نمائندے کہلواتے تھے انہوں نے تبدیلی نہیں تباہی کی۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ میں اپنی 16 ماہ کی کارکردگی پر فخر کرتا ہوں، اپنی کارکردگی پر الیکشن لڑنے کو تیار ہوں، جو میرے ساتھ کابینہ میں بیٹھتے تھے ان سے پوچھیں اپنی 16 ماہ کی کارکردگی پر الیکشن لڑنے کو تیار ہیں؟
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کوئی آج بھی یہ سمجھتا ہے کہ کسی کو زبردستی وزیر اعظم بنا سکتے ہیں تو یہ ان کی غلط فہمی ہے، پی پی کے جیالے موجود ہیں اور میدان میں ہیں ہر میدان میں مقابلہ کرنے کو تیار ہیں، کسی آئی جے آئی کا حصہ نہیں بنیں گے اور تیر جیتے گا۔
انہوں نے کہا کہ لوگ پرانی سیاست سے بیزار ہو چکے ہیں یہ میرا نہیں عوام کا مطالبہ ہے، 70،70 سال کے نوجوان اور سیاستدان سے مطالبہ ہے، 70 فیصد پاکستان کی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے ہم سب کا مطالبہ ہے، مطالبہ ہے گھر بیٹھ کر مسجد میں بیٹھ کر ملک کیلیے دعا کریں، دوسری یا چوتھی بار وزیر اعظم بنانے کے بجائے نوجوانوں کیلیے راستہ بنائیں۔