لاہور: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ کبھی پبلک آفس کے عہدے دار نہیں رہے، ان کے ہاتھ صاف ہیں کبھی کرپشن نہیں کی۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا ’مجھ سے اس وقت کے کاموں کا حساب مانگا جا رہا ہے جب ایک سال کا تھا، فاضل ججز سے درخواست ہے عدلیہ میں اصلاحات لائی جائیں۔‘
[bs-quote quote=”یقین دلاتا ہوں پاکستان کو اندھیروں کی طرف واپس جانے نہیں دیں گے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”بلاول بھٹو” author_job=”پی پی چیئرمین”][/bs-quote]
پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ جمہوری پاکستان کی جدوجہد سے کوئی نہیں روک سکتا، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اداروں کا احترام کیا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا ’ہم بلا امتیاز احتساب کی بات کرتے ہیں، کروڑوں لوگوں کے ووٹ چوری کرنے والوں کا احتساب کب ہوگا؟ تمام جماعتوں کو اداروں میں کرپشن ختم کرنے کے لیے کام کرنا چاہیے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ بے نامی اکاؤنٹس پر جے آئی ٹی ہمارا میڈیا ٹرائل کر رہی ہے، سوچ سمجھ کر رپورٹ کے مختلف حصے منظرِ عام پر لائے گئے، مراد علی شاہ پر کبھی بھی کرپشن کا کوئی الزام نہیں لگا، پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ وفاق کی سیاست کی ہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا ’ملک کے ٹھیکے داروں کی وجہ سے چھوٹے صوبے خدشات کا شکار ہیں، یہ ملک آئین کے تحت ہی چلے گا۔‘
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی اور خوش حالی شہریوں کے حقوق اور آزادی میں ہے، شہید ذوالفقار بھٹو نے ملک میں معاشی انقلاب برپا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ذوالفقار علی بھٹو کی 91 ویں سالگرہ پر بلاول بھٹو اور آصف زرداری کا پیغام
انھوں نے کہا کہ 4 دہائیاں گزرنے کے باوجود بھٹو کی جہدوجہد سے انکار نہیں کیا جا سکا، یقین دلاتا ہوں پاکستان کو اندھیروں کی طرف واپس جانے نہیں دیں گے، پاکستان پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی ارکان نے جان بوجھ کر جعلی بینک اکاؤٹس کیس کی رپورٹ لیک کی، یہ توہینِ عدالت ہے، قائم علی شاہ اور مراد علی شاہ کو جے آئی ٹی میں طلب نہ کرنے کے با وجود دونوں کے نام ای سی ایل پر ڈالے گئے، اصغر خان کیس میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوئے۔
چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ انھیں گلگت اور سکھر کے جلسوں کے فوری بعد نوٹس ملے، محترمہ شہید کی برسی سے خطاب کے بعد ای سی ایل میں نام ڈالا گیا، ہم نے اٹھارویں ترمیم کے ذریعے آئین کو اس کی اصل روح میں بحال کیا۔
بلاول بھٹو نے کہا ’آج انسانی حقوق اور اظہار رائے کی بات کرنے والوں کو شک سے دیکھا جاتا ہے، ظلم کے خلاف آواز اٹھانے والا شہری محبت وطن ہے۔‘