حیدرآباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ بس بہت ہوچکا، اب ایک ہی راستہ ہے، ایک ہی حل ہے، عمران خان کو بھگانا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کیخلاف احتجاج کے دوسرے مرحلے پر پیپلزپارٹی کی جانب سے مہنگائی اور کسانوں کو کھاد کی سستی فراہمی کیلیے شہر شہر مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔
چیئرمین پی پی پی نے حیدرآباد سے نکلنے والی ریلی کی قیادت کی اور خطاب کیا، اپنے خطاب میں بلاول بھٹو نے وزیراعظم عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمارےکسانوں کا معاشی قتل ہورہاہے، کسانوں کا معاشی قتل پورے ملک کامعاشی قتل ہے، ہم اپنےکسانوں کےمعاشی قتل کو برداشت نہیں کرسکتے، آج کسانوں کو فصل کی قیمت نہیں ملےگی تو مہنگےداموں خریدناپڑےگا، آج کسان بھوکا سوئےگاتو کل پورا ملک بھوکا سوئےگا۔
ٹریکٹر ٹرالی مارچ کے شرکا سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کسانوں کے لئےلینڈ ریفارمز لیکر آئے تھے، انہوں نے بڑےبڑے زمینداروں سے زمینیں لیکر غریب کسان کو مالک بنایا تھا، شہیدبینظیربھٹو بھی ہاری اور کسان کا بہت خیال رکھتی تھیں، ایسا وقت بھی آیا جب شہیدبینظیر وزیراعظم تھیں اور آلو کےکاشتکار پریشان تھے۔
کاشتکاروں کو فصل کی قیمت نہیں مل رہی تھی وہ اپنی فصل کو پھینکنےپر مجبور تھے ایسے میں شہیدبینظیربھٹو نےحکم دیا کہ حکومت یہ آلو کی فصل خریدےگی، بی بی کے اعلان کےبعد تمام اسٹیک ہولڈر پریشان ہوگئے اور انہوں نے کہا کہ ہم اتنے آلو خرید کر کیا کرینگے؟شہید بینظیر نےکہا یہ آلوخرید کر سمندر میں گرادیں مگر کسان بھوکا نہیں سوئےگا۔
"زراعت پاکستان کی پہچان تھی، ہماری معشیت کی ریڑھ کی ہڈی تھی اور اس نالائق و نااہل حکومت نے معشیت کی ریڑھ کی ہڈی ہی توڑ دی ہے۔"
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری@BBhuttoZardari
#KissanKiTabahiNaManzoor
1/3 pic.twitter.com/xhbB0ZK2uC— PPP (@MediaCellPPP) January 24, 2022
اپنے خطاب میں چیئرمین پیپلز پارٹی نے وزیراعظم کو کٹھ پتلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے آنےکےبعد آج ہم پھر مجبورہوگئے ہیں، بس بہت ہوچکا، اب ایک ہی راستہ ہے، ایک ہی حل ہے، پاکستان اور معیشت کو بچانا ہے تو عمران خان کو بھگانا ہوگا، ہم ان کا بندوبست کریں گے، 27فروری کو ہم کراچی سے نکلیں گے۔
اس موقع پر شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ کیا آپ ہمارے ساتھ اسلام آبادکی طرف چلیں گے؟اگر آپ ساتھ چلیں گے تو دنیا کی کوئی طاقت ہمیں نہیں روک سکتی، ہم اسلام آباد پہنچ کر ان کو بےنقاب کرینگے، جمہوری،آئینی اور قانونی طریقے سے ان کی حکومت کو ختم کرینگے، عوامی راج قائم کریں گے،جہاں کسانوں اور مزدوروں کا راج ہوگا۔
اپنے خطاب میں بلاول نے مزید کہا کہ تبدیلی کےنام پر تباہی ہوتی رہےگی، ہم وقت کی کٹھ پتلی ، سلیکٹڈ کیخلاف مارچ کررہےہیں وقت آگیا ہے کہ کٹھ پتلی سلیکٹڈنظام ختم کریں اور عوامی نظام رائج کریں۔