صادق آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہماری لڑائی کسی سیاسی جماعت یا سیاست دان سے نہیں بکہ مسائل سے ہے، اس ملک کا سب سے بڑا مسئلہ غربت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے صادق آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے سندھ میں 14 یونیورسٹیاں بنائیں، سندھ میں 1800 کلو میٹر کینال پکی کی، جس سے پانی کی بچت ہوتی ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ غربت کا سندھ میں غربت مٹاؤ پروگرام سے غریبوں کو بلاسود قرضے دئیے، غربت کا مقابلہ کرنے کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا، غربت مٹاؤ پروگرام پورے پنجاب میں متعارف کرائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم میٹرو نہیں بناتے بلکہ غریب عوام کی خدمت کرتے ہیں، جنوبی پنجاب کی محرومیاں دور کرنے کے لیے تخت رائے ونڈ نے کچھ نہیں کیا، ہم نے جنوبی پنجاب کو پہلا وزیر اعظم دیا، اب صوبہ بھی بنا کر دیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کسانوں کو رجسٹرڈ کرکے بینظیر کسان کارڈ دیں گے، بینظیر کسان کارڈ سے سبسڈی اور بلاسود قرضے ملیں گے، ہمارا منشور کسان مزدور دوست ہے، زرعی انقلاب کا پروگرام لائیں گے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ شہید بی بی کے بعد ایک خلاء پیدا ہوگیا تھا، آج جس طرح یہاں استقبال ہوا ہے فخر سے کہہ سکتا ہوں بی بی تیرا قافلا رکا نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شفاف انتخابات ہوئے تو پیپلز پارٹی ہر جگہ سے جیتے گی، لوٹے اور مفاد پرستوں کے لیے سیاست میں مثال قائم کرنا ہوگی، پاکستان غیر جمہوری اقدامات کا متحمل نہیں ہو سکتا۔