اسلام آباد : وزیر خارجہ پاکستان بلاول بھٹو نیویارک پہنچ گئے، جہاں ان کی اہم ملاقاتیں ہوں گی جبکہ وہ جی سیونٹی سیون وزرا کانفرنس کی صدارت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اقوامِ متحدہ میں جی 77 اور چین کی وزارتی اجلاس کی میزبانی کے لیے نیویارک پہنچ گئے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر منیر اکرم اور واشنگٹن میں پاکستان کے سفیر مسعود خان اور دیگر افسران نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا استقبال کیا۔
وزیرخارجہ 21 دسمبرتک امریکا کا آٹھ روزہ دورہ کریں گے، ان کی امریکا میں اہم ملاقاتیں شیڈول ہیں، وزیرخارجہ کی ملاقاتوں میں دو طرفہ اموراورپاک امریکا تعلقات پر گفتگو ہوگی۔
وزیرخارجہ پندرہ اور سولہ دسمبر نیویارک میں جی سیونٹی سیون وزرا کانفرنس کی صدارت کریں گے۔
دورے کے دوران بلاول بھٹو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گتیرس سے ملاقات کریں گے، اس کے علاوہ صدر جنرل اسمبلی اور اقوام متحدہ کے دیگر عہدیداران کے ساتھ بھی با ضابطہ ملاقات ہوگی۔
پاکستان نے اس سال گروپ آف 77 اور چین کی سربراہی کی اور ترقی پذیر ممالک کے مشترکہ اہداف کو حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھی خطاب کریں گے۔
اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن 16 دسمبر 2022 کو آرمی پبلک اسکول پشاور دہشت گردانہ حملے کی 8ویں برسی منا رہا ہے۔ OCT کی "میموریز” مہم کے ایک حصے کے طور پر جو کہ مئی 2022 میں اسپین کے مالاگا میں شروع کی گئی تھی اور اس کی عکاسی بھی پہلی بار ہوئی تھی۔
دہشت گردی کے متاثرین کی اقوام متحدہ کی عالمی کانگریس جو ستمبر 2022 میں نیویارک میں یو این ایچ کیو میں منعقد ہوئی تھی، اس ضمن میں پاکستان آٹھویں سالگرہ کے موقع پر ایک تقریب کی میزبانی کرے گا، جس میں وزیر خارجہ پاکستان خطاب کریں گے۔
یادگاری تقریب میں اقوام متحدہ کے رکن ممالک، متاثرین، ماہرین، ماہرین تعلیم، سول سوسائٹی کی تنظیمیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندے شامل ہوں گے۔