وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری ایک روزہ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے ہیں اعلیٰ حکام اور سفیر فیصل نیاز نے ان کا استقبال کیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری ایک روزہ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے ہیں۔ یو اے ای کے اعلیٰ حکام اور سفیر فیصل نیاز نے ان کا استقبال کیا۔
بلاول بھٹو اپنے دورے میں اماراتی ہم منصب شیخ عبداللہ بن زید سے ملاقات کریں گے جس میں دونوں برادر ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیر خارجہ دبئی میں مادام تساؤ میوزیم میں پہلی پاکستانی شخصیت سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے مومی مجسمے کی نقاب کشائی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔
وزیرخارجہ کا دورہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ پاکستان کے مضبوط روابط، تعلقات اور دو طرفہ تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔ دونوں ممالک برادرانہ تعلقات مستحکم بنانے، باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔