چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ آبی جارحیت جنوبی ایشیا میں جنگ کا پیش خیمہ بن سکتی ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی اعلیٰ سطح وفد کے ساتھ برسلز میں یورپی پارلیمنٹ آمد ہوئی، بلاول نے یورپی پارلیمنٹ میں ٹریڈ کمیٹی کے چیئرمین برنڈ لانگ سے ملاقات کی اور بھارت کی جانب سے آبی جارحیت، دھمکیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی پانی کو ہتھیار بنانے کی دھمکیاں یو این چارٹر کی خلاف ورزی ہیں، بھارت جنگ بندی کے باوجود امن سے راہ فرار اختیار کررہا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ مودی کی نئی حکمت عملی پر دہشت گردی کے واقعے کو جنگ سے جوڑنے کی کوشش ہے، بھارت سلامتی کونسل کی قراردادیں، ثالثی اور مذاکرات سب مسترد کرچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل کے کسی بھی مذاکرات میں مسئلہ کشمیر کا حل بنیادی حیثیت رکھتا ہے، پاکستان دہشت گردی کے خلاف تعاون چاہتا ہے اور امن کا خواہاں ۃے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ جی ایس پی پلس سے پاکستان میں قانونی اصلاحات اور تجارتی ترقی میں مدد ملی۔
علاوہ ازیں بلاول نے یورپی یونین کی بین الاقوامی قانون کی پاسداری اور جی ایس پی پلس پر شکریہ ادا کیا اور ٹریڈ کمیٹی کے چیئرمین برنڈ لانگ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔