کراچی : بلاول بھٹو زرداری کے پروٹوکول کے باعث دس ماہ کی بسمہ کو علاج کیلئے داخل نہیں ہونے دیا گیا تھا، بسمہ باپ کی گود میں دم توڑ گئی تھی، بلاول بھٹو نے بسمہ کے گھر جاکر والدین سے تعزیت کی اور کہا کہ ذمہ دار چاہے جوبھی ہو اس کیخلاف کارروائی ہوگی۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری لیاری کی دس ماہ کی جاں بحق ہونے والی بچی بسمہ کے گھر پہنچ گئے، بلاول بھٹو زرداری نے بسمہ کے گھر جاکر بسمہ کے خاندان سے تعزیت کی، بلاول نے بسمہ کی دادی ، والد اور والدہ سے ملاقات کی۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بسمہ کے انتقال کا دکھ ہے، بسمہ کو اسپتال میں داخلے سے روکنے کی تحقیقات پر نظر ہے، ذمہ دار چاہے جو بھی ہو اس کیخلاف کارروائی ہوگی۔
بلاول بھٹو نے بسمہ کے والد کو یقین دہانی کرائی کہ معاملے کو جلد حل کیا جائے گا، جو بھی ملوث پایا گیا اسے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
یاد رہے کہ کچھ روز قبل بلاول بھٹو زرداری کی سول اسپتال آمد کے موقع پر پروٹوکول کی وجہ سے بسمہ کے والد کو اسپتال میں داخل نہیں ہونے دیا گیا تھا، بسمہ کا والد ادھر اُدھر بھاگتا رہا اور بچی گود میں ہی دم توڑ گئی تھی.