پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

بلاول کا کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کا مطالبہ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کا مطالبہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کو لاک ڈاؤن کی طرف جانا چاہئے، ہر گھنٹہ، ہر دن تاخیر سے کرونا وبا سے نمٹنا اور مشکل ہوتا چلا جائے گا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پہلے ہی تاخیر ہوچکی ہے، لاک ڈاؤن پہلے ہی کرلیا جانا چاہئے تھا، بحران سے نمٹنے کے لیے جتنی جلدی ہو فیصلہ کن اقدامات کیے جانے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں لاک ڈاؤن کے لیے وفاق کی پوری مدد کی ضرورت ہے، کوئی صوبہ کرونا وائرس کا اکیلے مقابلہ نہیں کرسکتا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ٹیسٹ بڑھائیں اور ان کی مدد کریں جنہیں ضرورت ہے، بہتری کی امید کے ساتھ ہمیں بدترین حالات کے لیے تیار رہنا ہوگا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ بدترین صورتحال پیش آئی تو ہمارا صحت کا نظام استطاعت نہیں رکھتا، دوسرے ممالک کے تجربات سے سیکھنے کی ضرورت ہے، مسئلہ یہ نہیں ہے ہم کیا کریں گے مسئلہ یہ ہے ہم کب کریں گے، جب تک حکومت لاک ڈاؤن کے لیے تیار نہیں ہوتی عوام گھروں پر رہیں۔

مزید پڑھیں: کروناوائرس: شہباز شریف نے ملک میں لاک ڈاؤن کا مطالبہ کردیا

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر بلاول بھٹو نے اپنی سرگرمیاں محدود کرلیں، بلاول ہاؤس کراچی کے اندر کام کرنے والے عملے کی تعداد بھی کم کردی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو تک صرف مخصوص افراد کی رسائی ہوگی، اہم رابطوں کے لیے ٹیلی فون اور ویڈیو لنک استعمال کیا جائے گا، بلاول نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے بھی ویڈیو لنک پر بریفنگ لی، وہ کل پارٹی رہنماؤں کے اجلاس کی صدارت بھی ویڈیو لنک سے کریں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں