کراچی : چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کسان اتحاد کے خلاف کریک ڈاؤن کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کسانوں کے پرامن احتجاجی دھرنے میں شریک ہوگی۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ حکومت کریک ڈاؤن کے بجائے کسانوں کے تحفظات دور کرے،انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور پاکستانی عوام کسانوں کے ساتھ کھڑے ہیں ۔
بلاول بھٹو کی جانب سے تین سو سے زائد کسانوں کی گرفتاریوں کی مذمت کی گئی انہوں نے مطالبہ کیا پنجاب حکومت گرفتار کیے گئے کسانوں کو فوری رہا کرے اور کسانوں کو پرامن احتجاج کا جمہوری حق دیا جائے۔
قبل ازیں قومی اسمبلی کے قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ کسان اتحاد کے مطالبات جائز ہیں انہیں تسلیم کیا جائے، کسانوں کو گرفتار کرنے کی مذمت کرتے ہیں۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ کسان اتحاد کے مطالبات جائز ہیں، حکومت ان کے تحفظات دور کرے، اطلاعات ملی ہیں کہ کسانوں کو بڑی تعداد میں گرفتار کیا گیا ہے،پیپلز پارٹی کسانوں کی گرفتاری کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔