گلگت : چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا پیپلز پارٹی کی قیادت کا فہمیدہ ریاض سے محبت واحترام کارشتہ رہا، وہ ترقی پسندی کی علمبردار، حقوق نسواں کی محافظ تھیں، ان کی ادبی خدمات قوم کے لیے بیش بہاخزانہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے فہمیدہ ریاض کے انتقال پر اظہارافسوس کرتے ہوئے کہا فہمیدہ ریاض ترقی پسندی کی علمبردار، حقوق نسواں کی محافظ تھیں، آمریت میں حق گوئی پرجلاوطنی کی صعوبتیں اورمقدمات کاسامنا کیا۔
،بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ فہمیدہ ریاض کی ادبی خدمات قوم کےلیےبیش بہاخزانہ ہے، پیپلز پارٹی کی قیادت کاان سےمحبت واحترام کارشتہ رہا، ان کی خدمات کےاعتراف میں ستارہ امتیازبھی دیاگیا۔
یاد رہے گذشتہ روز پاکستان کی ممتاز شاعرہ اور فکشن نگار فہمیدہ ریاض لاہور میں جہانِ فانی سے کوچ کر گئیں تھیں، ان کی عمر 73 سال تھی اور کافی عرصے سے شدید علیل تھیں۔
مزید پڑھیں : نامور شاعرہ اور ادیبہ فہمیدہ ریاض انتقال کر گئیں
فہمیدہ ریاض28 جولائی 1945 کو میرٹھ میں پیدا ہوئیں، ان کا تعلق بھارتی ریاست اُتر پردیش کے ایک ادبی خاندان سے تھا، ان کے والد ریاض الدین احمد ایک ماہرِ تعلیم تھے، تقسیم کے بعد ان کا خاندان حیدر آباد سندھ میں قیام پذیر ہوا تھا۔
فہمیدہ ریاض شاعری میں اپنی تانیثی (فیمنسٹ) آواز کے لیے معروف تھیں، وہ اپنے غیر روایتی خیالات کے باعث اردو ادبی منظر نامے میں تیزی سے مقبول ہو گئی تھیں۔
وہ خواتین کے حقوق کے لیے بھرپور جدوجہد کے حوالے سے بھی مشہور تھیں، جمہوریت کی خاطر انھیں جنرل ضیا الحق کے دور میں ملک بھی چھوڑنا پڑا تھا، ضیا الحق کے انتقال کے بعد وہ بھارت سے واپس پاکستان آئیں۔