چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ حکمران مرضی سے فیصلے کریں تو پورا نظام گر جاتا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت ایسے پالیسی بناتی ہے جیسے اس کے پاس دو تہائی اکثریت ہو۔
انہوں نے کہا کہ جب اتفاق رائے کے بغیر فیصلے ہوں تو ان پر عمل کرنا مشکل ہوجاتا ہے، حکومت منتخب نمائندوں کی مشاورت سے پالیسی بنائے تو بہتر ہوگا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ دس سال میں جتنی مہنگائی ہوئی ہے اس کا مقابلہ کرنے کے لیے تنخواہوں، پنشن میں اضافہ ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو ہمیشہ جہاں بھی موقع ملا خواہ وفاقی یا صوبائی سطح پر ہم نے ہمیشہ مزدوروں کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا۔ پیپلز پارٹی نے ملک کو سب سے پہلے لیبر پالیسی دی۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ ہم نے تنخواہوں اور پنشنز میں بھی اضافہ کیا۔ ہم سمجھتے ہیں کہ مزدوروں کو اگر محنت کا صلہ ملے تو ہمارا معیشت کا نظام چل سکتا ہے۔
بلاول کا کہنا تھا کہ دنیا میں ایسا کوئی نظام ہی نہیں ہے جہاں حکومت عوام کی مرضی کے بغیر چل سکے، آپ الیکشن کریں یا نہ کریں، وزیراعظم ہو، صدر ہو، بادشاہ ہو سب نظام اپنے عوام کی مرضی سے چلتے ہیں ہر نظام کی پالیسی عوام کی خواہشات اور امیدوں کے مطابق بنائی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب کسی بھی نظام میں حکمران اپنی مرضی چلانے لگیں یا عوام کی خواہشات اور مرضی سے دور ہو جاتے ہیں تو پورا کا پورا نظام گر جاتا ہے۔