کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ پی ایس 11 میں ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی کی شکست پر انتخابی نتائج چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ میں ضمنی انتخاب میں پیپلزپارٹی کی شکست پر انتخابی نتائج چیلنج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سچ کو چھپایا نہیں جا سکتا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ مجھے اپنے جیالوں پرفخر ہے، دباؤ کے باوجود جیالوں نے قابل عزت انتخاب کے لیے جدوجہد کی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ نیب نے پی پی ورکرز، ان کے خاندانوں کو نوٹسز بھیج کرقبل از الیکشن دھاندلی کی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہماری خواتین ووٹرز کو ہراساں کیا، ہمارے پولنگ ایجنٹس کو باہر نکال دیا اور پی پی کی حمایت والے پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ تاخیر سے شروع ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ پیلزپارٹی کے نامزد امیدوار کو پولنگ اسٹیشنوں کے اندر داخل نہیں ہونے دیا گیا، ہم مسلسل صورت حال سنبھالنے کا کہتے رہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہم اس دھاندلی کو ہر فورم پر چیلنج کریں گے، سچائی چھپ نہیں سکتی، ہم دوبارہ انتخاب کرائیں گے اور اس نشست کو واپس لیں گے۔
لاڑکانہ ضمنی انتخابات، پی پی کو ہوم گراؤنڈ پر شکست کا سامنا
واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 11 کے ضمنی انتخابات میں پی پی کو اپنے ہوم گراؤنڈ پر شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے امیدوار نے ساڑھے پانچ ہزار ووٹوں سے میدان مارا۔
غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق ضمنی انتخابات کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق جی ڈی اے کے معظم علی 31 ہزار 557 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔