ڈیرہ مراد جمالی: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ یہ کیسا شیر ہے جو مخالف کے بندوبست تک گھر میں چھپا بیٹھا ہے، لاہور سے الیکشن لڑ رہا ہوں، ان کو گھر میں گھس کر ماروں گا۔
جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک شخص کو آپ نے تین بار وزیر اعظم بنایا اور آج اُس شخص کو چوتھی بار مسلط کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، پاکستان اور بلوچستان کے عوام اس شخص کو اپنا نمائندہ نہیں مانتے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب پہلی بار اُس شخص کو مسلط کیا گیا تو اس نے بلوچستان کے عوام کے حق پر ڈاکہ مارا، دوسری بار مسلط کیا تو پھر بلوچستان کے عوام کے حق پر ڈاکہ مارا، تیسری بار مسلط کیا تو پوچھیں کیا اس نے وفا کی؟ تین بار ناکام شخص کو ہم کیوں چوتھی بار مان لیں؟
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ چوتھی بار وزیر اعظم بن گیا تو لکھ لیں اگلے 5 سال بلوچستان میں ترقی نہیں ہوگی، یہ کس قسم کا شیر ہے جو گھر میں چھپتا ہے؟ اس قسم کا مقابلہ بزدلوں کا کردار ہوتا ہے، میں لاہور سے بھی الیکشن لڑ رہا ہوں اور ان کو ان کے گھر میں گھس کر ماروں گا۔
انہوں نے کہا کہ بلا نہیں رہا اب شیر اور تیر کا مقابلہ ہوگا، شیر کے شکار کیلیے تیر ہی استعمال کیا جاتا ہے۔
متعلقہ: شیر کے شکار کیلیے بلا نہیں تیر کام آتا ہے، بلاول بھٹو زرداری
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میاں صاحب جس طرح وزیر اعظم بنے سب نے دیکھ لیا، وہ انھی سے لڑے جو ان کو لے کر آئے، دوسری بار آیا تو دو تہائی اکثریت کے باوجود ان سے ہی لڑا جو لے کر آئے، تیسری بار بھی میاں صاحب کو دو تہائی اکثریت دلائی گئی اور تیسری بار بھی ان سے لڑا جنہوں نے دوتہائی اکثریت دی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ میاں صاحب چوتھی بار وزیر اعظم بنا تو پھر جھگڑا کرے گا پھر چوتھی بار کہے گا مجھے کیوں نکالا، چوتھی بار وزیر اعظم بنے تو پھر نقصان عوام کا ہی ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کی حکومت بنی تو پاک ایران گیس لائن منصوبے کو یہ پھر سبوتاژ کریں گے، ہماری حکومت بنی تو افغانستان کے ساتھ جو مسئلے ہیں ہم ان کو مل کر حل کریں گے، میں بھارت کو بھی مناؤں گا کہ ہم مل کر دہشتگردی اور مسئلہ کشمیر کا حل نکالیں۔