جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

حکومت کا بجٹ پیش کرنا الیکشن سے پہلے دھاندلی ہے، بلاول بھٹو زرداری

اشتہار

حیرت انگیز

 اسلام آباد : پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جانے والی حکومت کو آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کرنے کاحق نہیں یہ پری پول ریگنگ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، بلاول بھٹو نے کہا کہ موجودہ حکومت صرف 3یا 4ماہ کا بجٹ پیش کرسکتی ہے، صرف عوام کے ووٹ سے آنے والی حکومت کو ہی بجٹ پیش کرنے کا حق حاصل ہوگا۔

جانے والی حکومت کو آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کرنے کاحق نہیں، اس حکومت کی جانب سے بجٹ کا پیش کیا جاناپری پول ریگنگ کے مترادف ہے۔ ن لیگ کی حکومت کو آنے والی پارلیمنٹ کا بجٹ کھانے کا کوئی حق نہیں ہے، حکومت کوئی بھی قدم ذاتی مفاد کے لئے نہیں اٹھاسکتی۔

پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ملک میں عوام کے مسائل کے حل کی بات نہیں ہورہی، کسی ادارے کے قانون کو اپنے مفاد کیلئے تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔

پیپلز پارٹی کو خیر باد کہنے والے ندیم افضل چن کی تحریک انصاف میں شمولیت سے متعلق بلاول بھٹو نے ان کا نام لیے بغیر کہا کہ تاریخ بتاتی ہے کہ کافی لوگ پیپلزپارٹی سے الگ ہوئے ہیں، پارٹی چھوڑ کر جانے والوں کو کبھی وہ مقام نہیں ملا جو وہ چاہتے ہیں۔

لوٹا ازم جمہوریت کے لئےٹھیک نہیں ہے، سیاست میں آنیوالی نوجوان نسل سے میں یہ توقع نہیں رکھتا، پلی بارگین سمیت دیگر معاملات کو دیکھنا ہوگا۔

بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی حکومت میں آکر نیب قوانین کو مزید مضبوط کریگی، میں عمران خان یا نوازشریف کے ساتھ کام نہیں کرنا چاہتا، فی الحال میری توجہ اس پر ہے کہ پیپلزپارٹی الیکشن میں زیادہ سے زیادہ نشستیں لے کرکامیاب ہو۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیاپر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں