کراچی : چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ظلم کے خلاف کوئی آواز اٹھانے والا نظر نہیں آتا، جمہوریت ہمارا انتقام ہے اس کیلئے آخری دم تک لڑنے کیلئے تیار ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں پیپلزپارٹی کے جنرل ورکرزکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ اس سال بی بی کی جائے شہادت پر برسی منانے کا فیصلہ کیا ہے۔
لیاقت باغ پنڈی میں27دسمبر کو جلسہ کا انعقاد کیا جائے گا، اسی پنڈی میں جہاں شہید بھٹو نے شہادت قبول کی، ہم نے کہا تھا کہ جمہوریت ہمارا انتقام ہے، آج اسی جمہوریت پر حملہ ہورہا ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ اس جمہوری سوچ اور عوام کے حقوق پرحملے ہورہے ہیں لیکن پاکستان میں ظلم کے خلاف کوئی آواز اٹھانے والانظر نہیں آتا، ہم جمہوریت کیلئے آخری دم تک لڑنے کیلئے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی تیسری نسل پنڈی آرہی ہے، اس بات پر ڈٹے ہوئے ہیں کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہے، آج کسان اور مزدور سمیت ہرطبقہ پریشان ہے، ایسا اس لیے ہورہا ہے کیونکہ ہمارےحکمران نااہل ہیں، ایسی حکومتیں عوام کے مسائل کا نہیں سوچتیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مخالفین اپوزیشن رہنماؤں کو دبانے کی کوشش کررہے ہیں،27دسمبرکو پورے پاکستان کیلئےعوامی ایجنڈا پیش کریں گے، ہم نئی جنگ اور جدوجہد شروع کررہے ہیں، پورے ملک میں عوامی حکومت بنا کررہیں گے۔
ہمیشہ کی طرح آج بھی پیپلزپارٹی کیخلاف سازش ہورہی ہے، جوجمہوری راستہ آپ نے چنا یہ بہت مشکل راستہ ہے، اپنے خطاب میں انہوں نے کارکنان سے مخاطب کوتے ہوئے کہا کہ کیا آپ شہید بینظیر بھٹو کی طرح میرا ساتھ دیں گے؟ جس پر کارکنان نے والہانہ اندازمیں رضامندی کا اظہار کیا۔