اسلام آباد: ذرایع نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری افطار ڈنر پر بلائے گئے مہمانوں کی روایتی پکوانوں سے تواضع کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی کی جانب سے اسلام آباد میں آج اپوزیشن لیڈرز کے اعزاز میں افطار ڈنر دیا جا رہا ہے، معلوم ہوا ہے کہ مہمانوں کی تواضح روایتی پکوانوں سے کی جائے گی۔
ذرایع نے بتایا ہے کہ روزہ افطار کرنے کے لیے پکوڑوں اور پھلوں کی چاٹ سے روایتی دستر خوان سجایا جائے گا۔
بلاول بھٹو کی جانب سے اپوزیشن رہنماؤں کے اعزاز میں دیے جانے والے آج کے افطار ڈنر نے سیاسی ماحول میں خاصی ہل چل پیدا کر دی ہے، حکمران جماعت کے ارکان کی جانب سے بھی اسے مسلسل تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن جماعتیں اکھٹی ہو رہی ہیں، ملکی معاملات پر بات چیت ہوگی: حمزہ شہباز
کچھ دیر قبل پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز بھی اس افطار ڈنر میں شرکت کے لیے جاتی امرا سے روانہ ہو چکی ہیں، ن لیگی رہنما پرویز رشید اور مریم اورنگزیب بھی ان کے ہم راہ ہیں۔
پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے افطار ڈنر کے حوالے سے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں آج اکٹھی ہو رہی ہیں اور ملکی معاملات پر بات چیت ہوگی۔
دوسری طرف وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان شہباز گل نے کہا کہ بلاول والد کے پیسوں سے افطار ڈنر دے رہے ہیں، پی پی اور ن لیگ کا گٹھ جوڑ کرپشن بچانے کی نا کام کوشش ہے۔