جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

ملک کو نواز، عمران کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے: بلاول بھٹو

اشتہار

حیرت انگیز

بدین: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ دو لاڈلوں کی جنگ چل رہی ہے۔ ملک کو نواز شریف، عمران خان کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج شہید فاضل راہو کی 21 ویں برسی ہے۔ شہید فاضل راہو نے آمریت کے خلاف لڑائی لڑی اور کامیاب ہوئے۔ شہید فاضل راہو کی قربانیوں اور جدوجہد کو سلام پیش کرتا ہوں۔

بلاول کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاست کے بارے میں سوچتا ہوں تو دکھ ہوتا ہے۔ ’ملک کے حالات دیکھتا ہوں تو دل خون کے آنسو روتا ہے۔ قصور میں ہمارے بچوں کے ساتھ کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ دکھ اس بات کا کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں 12 ویں مرتبہ ہوا۔ ’اپنی ماں کے مزار پر کھڑے ہو کر قصور کے بچوں کے لیے انصاف مانگا تھا۔ یہ ایک زینب نہیں تھی 11 ویں زینب تھی جو ظلم کا شکار ہوئی۔ تمام ثبوت اور فوٹیج کے باوجود وحشی آج آزاد گھوم رہا ہے‘۔

بلاول نے کہا کہ میں مانتا ہوں یہ سنگین جرم صرف قصور تک محدود نہیں۔ لیکن یہ قبیح جرم قصور میں اتنی بڑی تعداد میں کیوں ہے۔ ’کون ہے قصور میں جو ان درندوں کی سرپرستی کر رہے ہیں‘۔

بلاول نے مزید کہا کہ میاں صاحب ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کو انصاف کون دے گا۔ آپ کے بھائی کو حدیبیہ کیس میں چھوڑ دیا گیا۔ بڑے میاں کہتے ہیں غلط سزا دی، چھوٹے کہتے ہیں انصاف کا بول بالا ہوا۔ ’یہ قوم اب آپ کے دھوکے میں نہیں آئے گی‘۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ملک کو نواز شریف اور عمران خان کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔ ’دراصل ملک میں دو لاڈلوں کی جنگ چل رہی ہے۔ عمران خان آپ پورے ملک میں کرپشن کے خلاف بولتے رہے۔ آپ کے اپنے وزیر اعلیٰ پر کرپشن کے متعدد الزامات ہیں۔ آپ کے سیکریٹری جنرل کو نااہل قرار دیا گیا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ موروثی سیاست پر باتیں کرنے والے نے بیٹے کو ٹکٹ دے دیا۔ تبدیلی کا نعرہ لگاتے لگاتے پاکستان تحریک انصاف خود تبدیل ہوگئی۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں