بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ کشمیر کی محافظ رہی ہے: بلاول بھٹو

اشتہار

حیرت انگیز

مظفر آباد: پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ کشمیر کی محافظ رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق آج پیپلز پارٹی کا 52 واں یوم تاسیس منایا جا رہا ہے، اس سلسلے میں مظفرآباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 118 دن سے کرفیو ہے، دوائیں تک میسر نہیں، پہلے دن سے کہہ رہے ہیں مودی کو سمجھو، اسے پہچانو۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ مودی کا چہرہ بے نقاب کر چکے ہیں، اس سے بات نہیں ہوگی، 72 سال میں جو نہیں کیا گیا تھا وہ حملہ اب مقبوضہ کشمیر پر کیا گیا ہے، شروع سے ہی مقبوضہ کشمیر پر بھارت قبضے کی کوشش کر رہا ہے، میں نے کہا تھا مودی کے یار کو ایک دھکا اور دو، مجھے کہا گیا میں امن نہیں چاہتا، پیپلز پارٹی امن چاہتی ہے مگر کشمیر کی قیمت پر نہیں، وزیر اعظم کہتے تھے مودی جیتے گا تو کشمیر کا مسئلہ حل ہوگا، آج وہ کہتے ہیں مودی آر ایس ایس کا کارندہ ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ نریندر مودی خطے سمیت پوری دنیا کے لیے خطرہ ہے، خود بھارت کے وجود کے لیے بھی خطرہ ہے، مودی کی جہالت دیکھو بھارت میں کئی نسلیں کاٹی گئیں، شہید محترمہ نے کہا تھا جہاں کشمیریوں کا پسینہ گرے گا وہاں ہمارا خون گرے گا۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں کشمیر کا مقدمہ ہم، آپ اور پیپلز پارٹی لڑے گی، دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ کشمیر پر سودا ہمیں منظور نہیں، ہمارا نعرہ سب پے بھاری رائے شماری رائے شماری۔

انھوں نے کہا کہ 27 دسمبر کو بی بی شہید کی برسی اسی مقام پر منائی جائے گی جہاں انھوں نے شہادت قبول کی تھی، لیاقت باغ راولپنڈی میں 12 سال پہلے گرنے والا علم پھر سے اٹھائیں گے، اسی شہر کے لیاقت باغ میں کھڑے ہو کر ملک دشمنوں کو پیغام دیں گے کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں