چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان چین اور امریکا کے درمیان پل کا کردار ادا کر سکتا ہے۔
یہ بات انہوں نے میونخ سیکیورٹی کانفرنس کے موقع پر جرمن میڈیا کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم تقسیم کے بجائے فاصلوں کو کم کرنا چاہتے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت کو چین کے مقابلے میں لانے سے خطے میں طاقت کا توازن بگڑے گا، بھارت سے تجارت اور مذاکرات کی بحالی میں امریکا اپنا کردار ادا کرسکتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کو غربت اور بےروزگاری جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان خطے میں اپنی بقا کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کرے گا۔
جرمن ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے بلاول بھٹو نے سی پیک جیسے منصوبوں کی اہمیت پر زور دیا اور ساتھ ہی امریکا سے تعلقات کو بھی ضروری قرار دیا۔
دوران انٹرویو چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے پاکستان کے اندرونی مسائل پر بھی بات کی اور بہتر حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا۔
مزید پڑھیں : بلاول بھٹو کی صدر ٹرمپ کے ناشتے کی تقریب میں شرکت
واضح رہے کہ اس سے قبل بلاول بھٹو نے امریکی صدرٹرمپ کے دعائیہ ناشتے کی تقریب میں شرکت کے بعد کہا تھا کہ ہمیں مذہب کو تقسیم کے بجائے اتحاد کیلئے دیکھنا چاہیے۔
بلاول کا مزید کہنا تھا کہ معاشرے کو تقسیم سے بچانے کیلئے ایسے بین المذاہب پروگرام اہم ہیں تاہم امریکا میں مقیم اورسیز پاکستانیوں کے ساتھ مل کرمزید کام کرنے کی گنجائش ہے۔