ہفتہ, جون 21, 2025
اشتہار

بھارت نہیں مانتا تو پاکستان ایک اور جنگ کرے گا اور 6 دریا ہمارے ہوں گے، بلاول بھٹو

اشتہار

حیرت انگیز

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ بھارت نہیں مانتا تو پاکستان ایک اور جنگ کرے گا اور 6 دریا ہمارے ہوں گے۔

کراچی ایئرپورٹ پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھو کشمیر سے لے کر کراچی تک پورے ملک کو پانی دیتا ہے، ہم سندھو تہذیب کے وارث ہیں اپنے دریا کا دفاع کرنا چاہتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم نے مثبت سیاست کا استعمال کیا، عالمی میڈیا میں بھارت کا بیانیہ ہار گیا اور پاکستان کا بیانیہ جیت گیا، ہم نے پاکستان کا مقدمہ اقوام متحدہ میں پیش کیا، ہم بھارت کو بتانا چاہتے ہیں کہ آپ کو سندھ طاس معاہدہ ماننا پڑے گا، اس کے پاس دو آپشن ہیں یا تو معاہد تسلیم کرے ورنہ پاکستان سے ایک اور جنگ لڑے اور ہم اس جنگ میں بھی بھارت کو شکست دے گے، ہم اپنے دریا کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی یتیم پاکستان کے اندر نفرت تقسیم کی سیاست کرتے ہیں، سیاسی یتیم پاکستان میں صوبوں کے درمیان نفرتیں پھیلانے کے عادی ہیں، جب بھارت نے سندھو پر حملہ کیا ہے تو سیاسی یتیم کہاں غائب ہیں، سندھو دریا صرف بہانہ تھا اصل نشانہ پیپلزپارٹی تھی، ایسی تنظیموں کے پیچھے ہمیشہ سے بھارت کی فنڈنگ رہی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت پیسہ دیتا ہے کہ ایسی تنظیمیں بلوچستان اور سندھ نہ کھپے کا نعرہ لگائیں، بھارت اور تنظیموں کو معلوم ہونا چاہیے یہاں پیپلزپارٹی موجود ہے، آئندہ الیکشن میں ان سیاسی یتیموں کو ایک بار پھر عبرتناک شکست دیں گے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ جو بھارت کے سندھو پر حملے پر خاموش ہیں ان کو عوام معاف نہیں کریں گے، سندھو پر بھارتی حملے پر خاموش سیاسی یتیموں کو عوام کبھی معاف نہیں کریں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں