گھوٹکی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم کسی فرد کے خلاف نہیں جمہوریت کے حق میں ہیں، ہمارے سیاسی قیدیوں کا ایک کیس ثابت نہیں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے گھوٹکی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس طریقے سے آئین کو بار بار توڑا گیا انصاف تو ایک دن ہونا تھا، بینظیر بھٹو شہید ہوکر بھی زندہ ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پرویز مشرف سے متعلق تفصیلی فیصلہ دیکھیں گے، مشرف سے متعلق تاریخ میں پہلی بار ایسا فیصلہ آیا ہے، ذوالفقار بھٹو نے کہا تھا جمہوریت بہترین انتقام ہے، ہم جمہوریت کے حق میں ہیں اور جدوجہد بھی اس کے لیے ہے، تاریخی فیصلے سے ثابت ہوتا ہے ہماری جدوجہد درست تھی، ایسے فیصلے سے مستقبل میں کوئی غیرجمہوری قدم نہیں اٹھائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہر حکومت عوام پر بوجھ ڈالتی ہے پیپلزپارٹی بوجھ اٹھاتی ہے، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ سب سے زیادہ روزگار پیدا کیا اور دلوایا ہے، پیپلزپارٹی کو پھر موقع ملا تو پھر روزگار دلوائیں گے۔
مزید پڑھیں: آئین شکنی کیس میں پرویز مشرف کو سزائے موت کا حکم
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے سیاسی قیدیوں پر الزامات بے بنیاد تھے، قانون کہتا ہے جب تک مجرم ثابت نہ ہوں انہیں قید نہیں کیا جاسکتا، الزام کی بنیاد پر پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کو قیدی بنایا گیا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ قیادت جیل سے باہر ہے اب مل کر جدوجہد کریں گے، حکومت نے کسی قانون سازی میں اپوزیشن سے رابطہ نہیں کیا، آرمی چیف کی مدت ملازمت سے متعلق تفصیلی فیصلہ آگیا ہے، پیپلزپارٹی کے اجلاس میں مدت ملازمت پر میرٹ پر فیصلہ کریں گے۔