اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انتخابات 2018 کے بعد پیدا ہونے والی نئی صورتِ حال پر پارٹی کارکنوں کی ہمت بندھاتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مایوس نہ ہوں الیکشن میں دھاندلیوں کی حقیقت عیاں ہو چکی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیپلز پارٹی اسلام آباد کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا، انھوں نے وفد کو ہدایت کی کہ عہدے داران تنظیم سازی اور پارٹی ممبر شپ بڑھانے پر بھرپور توجہ دیں۔
بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کرنے والے وفد میں افتخار شہزادہ، اظہرخان، محمد علی سبزواری کے علاوہ صدر پیپلز پارٹی وسطی پنجاب قمر زمان کائرہ بھی شریک تھے۔
افتخار شہزادہ نے این اے 53 اسلام آباد سے متعلق پارٹی چیئرمین کو تفصیلی رپورٹ پیش کی، خیال رہے کہ اس حلقے سے عمران خان جیتے تھے لیکن بعد میں انھوں نے اس سیٹ کو خالی کر دیا تھا، اور اب اس پر ضمنی انتخاب ہوگا۔
ملاقات کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی عہدے داروں کو ہدایات بھی دیں، انھوں نے پارٹی کی تنظیم سازی اور ممبر شپ بڑھانے پر زور دیا۔
اسے بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی صدر کے کردار پر نظر رکھے گی، بلاول بھٹو زرداری
چیئرمین پی پی نے عہدے داران سے کہا کہ الیکشن میں ہونے والی بے ضابطگیوں پر پارٹی سیکریٹریٹ میں ساری تفصیلات جمع کرائیں، کارکن مایوس نہ ہوں الیکشن میں دھاندلیوں کی حقیقت عیاں ہو چکی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پارٹی کارکن ہی میری طاقت ہیں، ان کی جدوجہد سے ہم ضرور کام یاب ہوں گے، ہمیں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں۔