کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو ان کی 66 ویں سال گرہ کے موقع پر شان دار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔
تفصیلات کے مطابق پی پی چیئرمین نے بے نظیر بھٹو کی چھیاسٹھ ویں سال گرہ پر اپنے پیغام میں کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو دھرتی کی عظیم بیٹی تھیں، وہ اب پاکستان کی روشن و بینظیر پہچان ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بے نظیر بھٹو آخری گھڑی تک عوامی حقوق اور ملکی سربلندی کے لیے جدوجہد کرتی رہیں، زندگی بھر عزم، حوصلے اور صبر سے اپنے مشن پر کاربند رہیں۔
پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ شہید بی بی کا مشن جمہوری نظام اور مساوات پر مبنی معاشرہ تھا، ان کا مشن در حقیقت قائد کے افکار کی روشنی میں شہید بھٹو کا مشن تھا۔
یہ بھی پڑھیں: بلاول نے ذوالفقار بھٹو اور اپنی والدہ کا پرچم سنبھال رکھا ہے: آصف زرداری
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 2 بار شہید بی بی کی عوامی حکومت کو چلنے نہیں دیا گیا، مشکلات کے باوجود اداروں کی مضبوطی اور آئینی بالادستی کے اقدامات کیے، انھوں نے وفاق اور صوبوں میں ہم آہنگی کو فروغ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، حالات کا تقاضا ہے کہ تضادات کو مفاہمت سے حل کرنے پر فوقیت دی جائے، انتشار و خلفشار کے اندھیروں کے آگے سچائی کا سورج طلوع ہوگا۔
خیال رہے کہ آصف علی زرداری نے بھی بے نظیر بھٹو کی سال گرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ بلاول بھٹو نے ذوالفقار بھٹو اور اپنی والدہ کا پرچم سنبھال رکھا ہے۔