اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ امام حسینؓ کی پیروی کر کے ناانصافی اور ظلم کے خلاف کامیابی سے ہمکنار ہوں گے، آج کے دن ہم کربلا کے شہدا کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یوم عاشور کا درس ہے ظلم و جبر اور جھوٹ کے خلاف مزاحمت کرنی چاہیئے، مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی نئی لہر سے یوم عاشور کی اہمیت مزید بڑھ گئی۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ امام حسینؓ کی پیروی کر کے ناانصافی اور ظلم کے خلاف کامیابی سے ہمکنار ہوں گے، جبر کرنے والے انتہا پسند غلط تصورات کو مذہب سے جوڑتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو متعصب اور جنونیوں کے عزائم سے خبردار رہنا چاہیئے، جب ظلم کسی بھی شکل میں سر اٹھائے تو اسے جذبے سے مٹانا چاہیئے۔ آج کے دن ہم کربلا کے شہدا کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔
اس سے قبل انہوں نے گلگت میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ مودی سرینگر سے کرفیو ہٹا کر دیکھے، خود ہی حقیقت سامنے آجائے گی۔ میں گجرات کے قسائی سے کہتا ہوں، اگر تم جہموری لیڈر ہو تو سرینگر سے کرفیو ہٹا کر دیکھو۔
انہوں نے کہا تھا کہ مودی تم لاکھوں مسلمانوں کے قاتل ہو، گرفتار کشمیریوں کو رہا کرو، احتجاج ان کا حق ہے۔ تاریخ تمہیں مودی قاتل کے نام سے ہی یاد رکھے گی۔