اسکردو: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مودی ہندوتوا کا نظریہ رکھتا ہے، اسے ویزا تک نہیں ملتا تھا، ہم شروع سے خبردار کرتے آ رہے ہیں کہ وہ نہ منموہن ہیں نہ واجپائی۔
تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو نے آج پیپلز پارٹی بلتستان ڈویژن ضلع اسکردو کے عہدے داران سے ملاقات کی، انھوں نے گلگت بلتستان خواتین ونگ کے عہدے داروں اور علاقے کے علما و مشائخ سے بھی ملاقات کی۔
پی پی چیئرمین نے کارکنوں سے خطاب میں کہا کہ پیپلز پارٹی کی وجہ سے ملک میں اسلامی جمہوری نظام ہے، اسلام آباد تک لانگ مارچ کرنا پڑا تو پورا گلگت بلتستان میرے ساتھ ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ میں بلتستان کے لوگوں کو سننے آیا ہوں، میں ان سے ملکی مسائل کے حل پر رائے لینا چاہتا ہوں، آج پیپلز پارٹی کی وجہ سے پاکستان ایٹمی طاقت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو مسلم امہ کو ایک پیج پر لائے، پاکستان پیپلز پارٹی کشمیریوں کی حقیقی آواز ہے، شہید بھٹو کے کشمیر کے ساتھ وعدوں کو پورا کریں گے۔
پی پی چیئرمین نے کہا بھارت اخلاقی میدان میں بری طرح جنگ ہار چکا ہے۔
مزید بر آں، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کل استور کے لیے روانہ ہوں گے جہاں وہ ورکرز کنونشن میں شرکت کریں گے، جب کہ 22 اگست کو اسکردو اور 24 اگست کو گھانچے میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔
واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری آج گلگت بلتستان کے دورے کی وجہ سے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت نہیں کر سکے تھے۔