اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نئے گورنر سندھ سے متعلق صحافی کے سوال پر جواب دے دیا۔
صحافی نے سوال کیا کہ کہا جا رہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو کامران ٹیسوری کے دوبارہ گورنر بننے پر اعتراض ہے۔ اس پر بلاول بھٹو زرداری نے جواب دیا کہ ہماری کسی شخص سے متعلق کوئی ایسی بات نہیں ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مختلف عہدوں پر (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی میں بات چیت ہوئی ہے، (ن) لیگ سے جن عہدوں پر بات نہیں ہوئی وہاں امید ہے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کو موقع ملے گا۔
اس سے قبل وفاق میں حکومت سازی کیلیے (ن) لیگ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان کے درمیان ہونے والے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آئی تھی۔
ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا تھا کہ (ن) لیگ گورنر سندھ کیلیے اپنا امیدوار لانا چاہتی ہے جبکہ پیپلز پاٹی بھی سندھ میں گورنر شپ کیلیے اتحادی جماعت سے متفق ہے، تاہم ایم کیو ایم نے حکومت سازی میں تعاون کیلیے جو شرائط دی ہیں ان میں ایک گورنر سندھ ایم کیو ایم کا ہونا ہے اور وہ موجودہ گورنر کامران ٹیسوری کو ہی اس عہدے پر برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی جانب سے گورنر سندھ کیلیے خوش بخت شجاعت کا نام دیا گیا ہے اور دونوں اتحادی جماعتوں کا ایم کیو ایم سے ان ہی کو گورنر سندھ بنانے پر اصرار کیا جا رہا ہے۔