کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں پر بھارت نے تاریخی حملہ کیا ہے.
ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. بلاول بھٹو نے کہا کہ آج ہر پاکستانی کو کشمیریوں کے لئے آواز بلند کرنی پڑے گی، پاکستان پیپلزپارٹی بنی ہی مقبوضہ کشمیرکی وجہ سے تھی.
انھوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بیانات سے کام نہیں چلے گا، یہ پوری امت مسلمہ پر فرض ہے کہ کشمیریوں کے لئے آواز اٹھائے.
کل ہمارا مشترکہ سیشن ہوگا پاکستان ایک آوازمیں بولے گا، کچھ سیاست دانوں کو مودی سے امید تھی، مگر ہم نے پہلے دن سے کہا تھا کہ مودی سے خیرکی امید نہ رکھیں.
مزید پڑھیں: بھارت کشمیر کی حیثیت تبدیل نہیں کرسکتا: شاہ محمود قریشی
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن کا متحد ہو کر کام کرنا بہت ضروری ہے، عمران خان کے دورہ امریکا سے توقعات پوری نہیں ہوئیں.
او آئی سی جیسے فورم کو استعمال ہونا چاہیے، ہمیں اقوم متحدہ اوراو آئی سی کو جگانا ہوگا، اقوام متحدہ کو دونوں ممالک نے صحیح طرح استعمال نہیں کیا، یہ کشمیری عوام پربہت بڑاحملہ ہے، اس کو نہیں چھوڑ سکتے.