نواب شاہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی دہشت گردی کے خلاف تھی، ہے اور رہے گی، جمہوریت پر کامل یقین ہے، عوام کے مسائل حل کرنا ہمارا منشور ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک بیان میں کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہو اور اس کے لیے ضروری ہے کہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر وفاق اپنی ذمے داریاں پوری کرتا تو یہ دن نہ دیکھنے پڑتے۔ دہشت گردوں کی سرپرستی کرنے والے عوام کے دشمن ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ سے دہشت گردی کے خلاف تھی، ہے اور رہے گی۔
وہ آج میرپور خاص اور نواب شاہ ڈویژن کے عہدے داروں کے اںٹرویوز کریں گے ان کے ساتھ دیگر پی پی رہنما بھی ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے عہدے داروں کو منتخب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جو عوام کی خدمت کریں،جمہوری اداروں کی مضبوطی ہمارا فرض ہے تمام فیصلے جمہوریت کی مضبوطی کے لیے کیے جائیں گے۔