کراچی : چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں غیرقانونی توسیع کی مخالفت کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا متنازع چیئرمین کی مدت ملازمت میں توسیع کی کوشش منظورنہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں غیرقانونی توسیع کی مخالفت کریں گے ، قانون میں متعین مدت میں توسیع نہیں ہوسکتی۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ متنازع چیئرمین کی مدت ملازمت میں توسیع کی کوشش منظورنہیں، مدت ملازمت میں توسیع کی کوشش ہمارے بیانیےکو درست ثابت کرے گی۔
چیئرمین پی پی نے مزید کہا کہ توسیع کی گئی تو ثابت ہوجائے گا، نیب عمران خان حکومت کا آلہ کار ہے۔
یاد رہے وفاقی حکومت کی جانب سے قومی احتساب بیورو(نیب ) قوانین میں ترمیم کا مسودہ تیار کرلیا ہے ، جس میں چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی مدت ملازمت میں توسیع بھی شامل ہیں۔
اس حوالے سے وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا تھا کہ چیئرمین نیب کے نام کا انتخاب وزیراعظم کی صوابدید ہے، اس سارے معاملے پر وزیراعظم کو صرف مشورہ دے سکتا ہوں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم چیئرمین نیب کیلئے ایک نہیں بلکہ مزید ناموں پر غور کریں گے، وزیراعظم جس امیدوار کومناسب سمجھیں گے وہ اسی کا انتخاب کریں گے۔