بدھ, جولائی 2, 2025
اشتہار

بلاول بھٹو کی ہدایت پر جیالوں کی مختلف شہروں میں گونوازگو ریلیاں

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد / راولپنڈی / لاہور/ کراچی : پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرادری کی کال پر جڑواں شہروں سمیت پنجاب بھر میں جیالےمیدان میں آگئے، ریلیوں میں گو نواز گو اور حکومت مخالف نعرے لگائے گئے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی کال پر مختلف شہروں میں جیالے سڑکوں پر نکل آئے۔ جیالوں نے گو نواز گو ریلیاں نکالیں، پنجاب بھرمیں بھی گو نواز گو کی گونج سنائی دی۔

جیالوں نے اسلام آباد پریس کلب کے باہراحتجاج کیا اور حکومت کیخلاف نعرے لگائے، راولپنڈی کے مختلف علاقوں سے جیالے لیاقت باغ چوک پر آگئے، گونوازگو کے فلک شگاف نعرے لگائے اور ٹائرجلا کر روڈ بلاک کردیا۔

علاوہ ازیں لاہور میں بھی احتجاجی کارکنان پریس کلب کے باہرجمع ہوگئے اورگو نوازگو کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ ریلی سے خطاب میں مقررین نے نوازشریف سے استعفیٰ دینے کامطالبہ کیا۔

گوجرانوالہ میں جی ٹی روڈ پر گونوازگو ریلی نکالی گئی، شرکاء نے بینرز اٹھا رکھے تھے جس پرگو نوازگو کے نعرےدرج تھے، اس کے علاوہ ساہیوال، جھنگ، گجرات، نارووال میں بھی بلاول بھٹو کی ہدایت پر جیالے سڑکوں پر آگئے۔

شہرقائد میں بھی گو نوازگو کی گونج سنائی دی، ملیرکراچی سے پریس کلب تک پی پی کے کارکنان نے ریلی نکالی، ریلی میں کارکنان کی بڑی تعداد شریک تھی۔

علاوہ ازیں ساہیوال پولیس نے بغیر اجازت گونواز گو ریلی نکالنے پر پیپیلز پارٹی کے پچاس سے زائد کارکنان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے، پولیس ذرائع کے مطابق مقدمہ دفعہ 188 اور16ایم پی او کے تحت درج کیاگیا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں