گھوٹکی : چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت نے وعدے پورے نہ کئے تو پھر پیپلز پارٹی کے عوام کے ساتھ کھڑی ہوگی، ایم کیو ایم کو ماضی کی سیاست چھوڑ دینی چاہیے، عمران خان کے فلسفے کو عوام نے مسترد کردیا۔
یہ بات انہوں نے گھوٹکی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان بار بار سندھ آئیں لیکن یہاں آکر عوام کو دھوکہ نہ دیں۔
مخالفین دھاندلی اور باوجود تمام تر سازشوں کے باوجود سندھ میں الیکشن نہیں جیت سکے، ایم کیو ایم کو ماضی کی سیاست چھوڑنی ہو گی ،ہم سندھ میں یونیورسٹیاں بنانا چاہتے ہیں لیکن وفاق رکاوٹ ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے سونامی نے عوام کی زندگی اجیرن کردی، عوام ریلیف چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ عوام چاہتے ہیں کہ ایک کروڑ نوکریوں اور 50 لاکھ گھروں کے وعدے پورے ہوں، اگر عوام سے کیے گئے وعدے پورے نہ کیے گئے تو پھر پیپلزپارٹی عوام کے ساتھ ہو گی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ میں خوش ہوں کہ عمران خان سندھ کو اتنا وقت دے رہے ہیں اور یہاں آکر جلسے کر رہے ہیں، عمران خان سندھ آئیں اور بار بار آئیں لیکن یہاں آکر عوام کو دھوکا نہ دیں، وزیراعظم یہاں آکر سندھ کے عوام کے حقوق چھیننے کی کوشش نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے پاس ماضی میں کے ایم سی رہی، تمام اختیارات بھی تھے مگر انہوں نے کچھ نہیں کیا، ایم کیو ایم کو ماضی کی سیاست چھوڑنی ہو گی۔