اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے کہا ہے کہ بلاول زرداری کی نئی بوتل میں پرانا مشروب بیچنے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی، خیبرپختونخوا کے عوام نے بلاول اور ان کے ہدایتکاروں کو مسترد کر دیا ہے۔
یہ بات انہوں نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے کاغان میں جلسہ عام سے خطاب پر اپنے رد عمل میں کہی، نعیم الحق نے کہا کہ کل نوجوانوں نے بلاول زرداری کو بتایا بھی تھا کہ آپ غلط دروازے پر دستک دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان کرپشن، اقرباء پروری اور خاندانی سیاست کو قبول کرنے کو تیار نہیں، کرپشن، نااہلی، مفاد کی سیاست سے تیار مشروب کا کے پی کے میں کوئی خریدار نہیں ہے، ان کی یہ کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔
بلاول بھٹو صوبہ سندھ سے عذاب کم کرتے تو شاید ان کو کچھ پذیرائی میسر آجاتی، نعیم الحق کا کہنا تھا کہ پرکشش نعروں ،جذباتی استحصال پرعوام پر مسلط ہونے کا وقت چلا گیا۔
مزید پڑھیں : عمران خان کے نظریے اور پیغام میں تضاد ہے، بلاول بھٹو
پنجاب اور سندھ کے عوام پختونخوا کی طرح نیا اجالا چاہتے ہیں، پنجاب اور سندھ پر قابض خاندان زوال پذیراورقومی غضب کی زد میں ہیں، قوم لٹیروں کے احتساب میں مکمل طور پر یکسو ہے۔