کراچی: سابق وزیر خارجہ اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد سے پہلے سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے ہمیں بلایا تھا اور یہ ریکارڈ کی بات ہے کہ ہمیں کہا گیا تحریک عدم اعتماد واپس لیں ہم الیکشن کرواتے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر قمر جاوید باجوہ سے پیغام آیا کہ ہم نیوٹرل ہیں اور الیکشن کروانے کو بھی تیار ہیں، اس طرح کے پیغامات بتاتے ہیں کہ ہمیں ان کی کوئی سپورٹ نہیں تھی، ہم مناسب نہیں سمجھتے کہ اپوزیشن میں جا کر ایک ادارے پر نام لے کر بات کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے شہباز شریف کو وزیر اعظم بنانے میں بہت محنت کی جس کا مقصد ملک میں جمہوری اور معاشی بحران میں بہتری لانا تھا، 2013 میں نواز شریف کو دو تہائی اکثریت ملی اور ہم اپوزیشن میں تھے، چیئرمین پی ٹی آئی کو حکومت ملی تب بھی ہم اپوزیشن میں تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کل تک جمہوریت اور آئین پر یقین نہیں رکھتی تھی اس کیلیے یہ سیاسی سفر میں سیکھنے کا موقع ہے، پی ٹی آئی کو اب کافی کچھ سمجھنے کا موقع ملے گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ (ن) لیگ اور ایم کیو ایم کا اتحاد نقصان کم فائدہ زیادہ دے گا، جیسے کراچی سے بلدیات میں جیتے عام انتخابات میں بھی جیتیں گے، الیکشن میں عوام پیپلز پارٹی کو ووٹ دیں گے۔