اسلام آباد : وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے وفاقی کابینہ اجلاس میں پانی کی قلت کا مسئلہ اٹھادیا اور کہا فوڈ ٹاسک فورس بنائی جائے تاکہ غذائی بحران کا سامنا کرسکیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، بلاول بھٹو نے اجلاس میں پانی کی قلت کا مسئلہ اٹھا دیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام خصوصاً کاشتکار مسائل کا سامنا کررہے ہیں، قلت کی بڑی وجہ پانی کے جائز حصے کی فراہمی میں خلل ہے۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ گزشتہ دور میں بدانتظامی سے زیریں علاقوں میں فصلوں کونقصان ہوا، سندھ حکومت نے گیس پاور جنریشن پلانٹس لگانے کی تجویز دی، ماضی کی حکومتوں نے اس منصوبے کو رد کردیا۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ فوڈ ٹاسک فورس بنائی جائے تاکہ غذائی بحران کا سامنا کر سکیں۔
خیال رہے سندھ میں نہری پانی کی قلت کے باعث صورت حال خطرناک ہوتی جارہی ہے، جس کے باعث فصلوں کو شدید نقصان پہنچنے کا خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔
تینوں بیراجوں کو پانی کی مجموعی طور پر 40 فیصد سے زائد کمی کا سامنا ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ بالائی علاقوں میں بارشیں نہ ہونے کے سبب زرعی پانی کے ساتھ پینے کے پانی کا بحران جنم لے سکتا ہے۔