بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں اڑان بھرنے کے فوری بعد گر کر تباہ ہونے والے مسافر طیارے کے حادثے پر سابق وزیر خارجہ پاکستان بلاول بھٹو نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 12 جون کی دوپہر کو ایئر انڈیا کا طیارہ لندن کے لیے اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد حادثے کا شکار ہوا، طیارے میں 242 مسافر اور عملے کے ارکان شامل تھے۔
بھارت میں اس افسوسناک حادثے پر پاکستان کے سفارتی وفد کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ طیارے حادثے میں جانی نقصان پر شدید افسوس ہے، مسافر طیارہ حادثے کے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کرتا ہوں۔
دوسری جانب پاکستان کی خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے بھی بھارتی طیارے کے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طیارہ حادثے میں انسانی جانوں کے نقصان پر افسوس ہے، مشکل وقت میں ہماری دعائیں طیارہ حادثے کے متاثرین کیساتھ ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت کی ریاست گجرات میں احمد آباد ایئرپورٹ کے قریب برطانیہ کے شہر لندن کے لیے اڑان بھرنے والا ایئر انڈیا کا مسافر طیارہ ڈاکٹرز کے ہاسٹل کی عمارت پر گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں 120 مسافر ہلاک ہوگئے، شہری آبادی پر طیارہ گرنے کے بعد کئی زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔