پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) سے کل ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے کی درخواست کر دی۔
نجی نیوز چینل کے ساتھ گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایم کیو ایم بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لے، ہم نے ماضی میں الیکشن کا بائیکاٹ کیا تو اس کا بہت نقصان ہوا، ایم کیو ایم کے ساتھ رابطے میں ہیں اور چاہتے ہیں کہ سب اپنے ووٹرز کو نکالیں۔
بلاول بھٹو نے کہا: ’عوام بڑی تعداد میں نکل کر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔ کل الیکشن کا دن ہے عوام سے درخواست ہے ووٹ کاسٹ ضرور کریں۔ چاہتے ہیں بلدیاتی نظام موجود ہو تاکہ سب نظام کی بہتری کے لیے کام کر سکیں۔‘
’ضروری ہے کہ بلدیاتی الیکشن ہو کیونکہ بلدیاتی نظام ہونا چاہیے۔ چاہتے ہیں کراچی اور حیدر آباد میں ہمارا میئر آئے۔ مرتضیٰ وہاب چند ماہ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر رہے ان کی محنت دیکھ لیں۔‘
انہوں نے کہا کہ مذہبی اور لسانی سیاست سے آگے بڑھنا چاہیے، سب کو مل کر شہر کی ترقی میں حصہ ڈالنا چاہیے، الیکشن میں ہم ایک دوسرے کا مقابلہ کر رہے ہیں، جو بھی کامیاب ہو اسے ملک کی ترقی کے لیے کام کرنا چاہیے، سب مل کر بلدیاتی حکومت چلائیں گے تو وفاق اور صوبے سے کام لے سکیں گے۔