کراچی: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں دھاندلی کے لیے قانونی تبدیلی کا سہارا لیا جارہا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عوام کی منتخب حکومت ہی عوام کے لیے کام کرسکتی ہے، پی ڈی ایم اجلاس میں لانگ مارچ اور عدم اعتماد تحریک پر بات ہوگی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اسٹیشلشمنٹ کو سیاسی لڑائیاں چھوڑ دینی چاہئیں، حکومت کی مایوسی واضح ہے، سینیٹ الیکشن سے واضح ہوجائے گا کہ حکومت گھبرائی ہوئی ہے۔
Long March & no confidence will hopefully be discussed in our PDM meeting. govts desperation is clear. trying to change rules to rig senate elections because they can see their defeat. IA senate elections will show govt is on shaky ground.
— BilawalBhuttoZardari (@BBhuttoZardari) January 31, 2021
انہوں نے کہا کہ حکومت کو موقع دیا تھا عزت کے ساتھ ایک طرف ہوجائے، وزیراعظم نے پی ڈی ایم کی ڈیڈ لائن پر استعفیٰ نہیں دیا، حکومت مستعفی ہو تاکہ آزاد اور شفاف الیکشن سے جمہوریت کی منتقلی ہو۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ نیب انتقامی کارروائیاں کرکے ہمارے لوگوں کو گرفتار کررہا ہے، پیپلزپارٹی اپنے ممبران کی گرفتاری پر فخر محسوس کرتی ہے، نیب کے افسران کو اپنے اثاثے ظاہر کرنے چاہئیں، پورے پاکستان کو معلوم ہوگا کہ اصل میں کرپٹ کون ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیب پوری اپوزیشن کے خلاف متحرک ہے، 18ویں ترمیم کے خلاف سازش چل رہی ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے دور میں دفاعی بجٹ میں بھی اضافہ کیا تھا، حکومت کو عوام کی کوئی فکر نہیں ہے، 2008 سے 2013 کا دور بہت زبردست تھا، وہ دور غریب عوام کے لیے بہت اچھا تھا، حکومت نے عوام کو گیس سے محروم رکھا ہوا ہے۔