وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہنا ہے کہ ان کی کوشش ہے اتنا دباؤ ڈالا جائے تاکہ ایک بار پھر ’عزیز ہم وطنو!‘ ہو، ان کی کوشش ہے ہماری اسٹیبلشمنٹ کو ورغلایا جائے۔
گڑھی خدا بخش میں بینظیر بھٹو کی 15ویں برسی پر بلاول بھٹو زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک کا سپہ سالار وردی میں کھڑا ہو کر تقریر کرتا ہے اور مانتا ہے سیاسی مداخلت ہوئی، سپہ سالار کہتا ہے آئندہ سیاست میں مداخلت نہیں کریں گے کیوں کہ یہ جمہوریت کا انتقام ہے، اسٹیبلشمنٹ اسی عزم کے ساتھ آگے بڑھی تو ملک کی ترقی کو کوئی نہیں روک سکتا۔
بلاول بھٹو نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: ’اپنے آپ کو جمہوری کہتے ہو تو آؤ پارلیمان میں بیٹھوں اور اپنا کام کرو۔ میں نہیں چاہتا سابق خاتون اول کے ساتھ پرچے کٹیں اور آپ جیل میں ہوں۔ آپ پارلیمنٹ میں بیٹھو گے تو پھر سیاستدان آپ سے بات کریں گے۔ سڑکوں پر کالعدم تنظیموں کے ساتھ گھومو گے تو مذاکرات نہیں ہوں گے۔‘
وزیر خارجہ نے کہا کہ پرویز مشرف تھا اور بے نظیر بھٹو ہے، ہم نے مشرف کی طرح سلیکٹڈ مکھی کو بھی دودھ سے نکال پھینکا، عمران خان ملکی تاریخ میں پہلا وزیر اعظم ہے جس کے خلاف کوئی سازش نہیں ہوئی بلکہ آئینی طریقے سے نکالا گیا، یہ کہہ رہا ہے کہ اسے امریکا نے نکالا، اسے وائٹ ہاوس نے نہیں بلکہ بلاول ہاؤس کی سازش نے نکالا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان خود کو ہٹائے جانے کا کریڈٹ آصف علی زرداری کے بجائے وائٹ ہاؤس کو دینا چاہ رہا ہے، عمران خان جان لیں کہ جیسے مشرف ماضی کا حصہ بن چکا اسی طرح اس کی باقیات کا بھی کوئی مستقبل نہیں، یہ کتنا مرضی چیخے لیکن ہم نے مستقبل کا سوچنا ہے۔
ان نے تھا کہ سلیکٹڈ کو ہم پر مسلط کیا جس کی وجہ سے ایک بار پھر دہشت گردی سر اٹھا رہی ہے، دہشت گردوں کے لیے جو پالیسی عمران خان کی تھی اسے چھوڑنا پڑے گا اور پاکستان کی رٹ قائم کرنا ہوگی، ہمیں ایک بار پھر متحد ہوکر دہشت گردوں کا مقابلہ کرنا پڑے گا، دہشت گردوں کو تو ہم شکست دیں گے مگر حساب چاہیے کہ یہ کیوں ہونے دیا گیا، وام کو اس کا حساب چاہیے۔
’سلیکٹڈ نے اپنی کرسی بچانے کے لیے معیشت کو نقصان پہنچایا۔ آخری دنوں میں اس نے ایسی پالیسیز لاگو کیں جو معیشت پر خودکش حملہ تھے۔ تاریخ میں پہلی بار دیوالیہ ہونے کا خطرہ تھا۔ معاشی تباہی سلیکٹڈ کی پالیسی کی وجہ سے ہوئی۔ وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کی معاشی ٹیم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔‘